ہومپاکستانجمہوریت سے نفرت کرنے والوں کا ہر قدم پر مقابلہ کریں گے،آصف زرداری

جمہوریت سے نفرت کرنے والوں کا ہر قدم پر مقابلہ کریں گے،آصف زرداری

اسلام آباد،سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقید پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی ہے کہ ان کے کے مشن پر عمل کرتے ہوئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے کے عین مطابق آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

اتوار کو اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج دنیا بھر میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم اپنی عظیم قائد کو نہیں بھولی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جس نظریے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ نظریہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اٹھارہویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، پارلیمان کو بے توقیر کیا جارہا ہے، میڈیا پر پابندیوں ہیں، اظہار آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے مگر ہم یہ پرعزم عہد کر رہے ہیںکہ جمہوریت سے نفرت کرنے والوں کا ہر قدم پر مقابلہ کریں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ملک کا ہر طبقہ مرحومیوں کا شکار ہے، خاص طور پر نوجوان مایوس ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی ان محرومیوں اور مایوسیوں کو ختم کرے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے عظیم نانا شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی طرح ہر قدم پر عوام کے ساتھ رہیں گے اور عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے جہاں امن ہوگا، انسانی آزادی ہوگی، جمہوریت مضبوط ہوگی، آئین کی حکمرانی ہوگی اور پارلیمان ہی بااختیار ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔