اسلام آباد (سب نیوز)ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں مزید 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.85 فیصد ہوگئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ 12 اشیا سستی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں ریکارڈ 22.44 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مرغی کا گوشت 12.20 فیصد مہنگا ہوگیا۔اسی طرح پیاز کی قیمت میں 4.19 فیصد اور آٹے کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ شرٹنگ کپڑا 1.86 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 1.66 فیصد مہنگی ہوئی، جبکہ لہسن، جلانے کی لکڑی اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 21.99 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ پیٹرول 3.63 فیصد اور ڈیزل 1.68 فیصد سستا ہوا۔رپورٹ کے مطابق کیلے 2.42 فیصد، آلو 1.38 فیصد اور دال چنا 0.93 فیصد سستی ہوئی، جبکہ انڈوں اور پاڈر دودھ کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 107.12 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز 72.81 فیصد مہنگا ہوا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں سالانہ بنیادوں پر 58.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح پیٹرول 44.17 فیصد اور ڈیزل 41.56 فیصد مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 38.99 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 36.49 فیصد اضافہ ہوا۔
مٹن 14.66 فیصد اور بیف 12.10 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ سادہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 10.82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تیار چائے بھی سالانہ بنیادوں پر 8.36 فیصد مہنگی ہوئی۔اس کے برعکس سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 71.72 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ آلو 40.75 فیصد اور چینی 25 فیصد سستی ہوئی۔ اسی طرح انڈوں کی قیمت میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران 22.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہفتہ وار کمی کے باوجود مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی، بجلی، پٹرول، ڈیزل اور متعدد غذائی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایل پی جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، مہنگائی کی شرح 11.85 فیصد تک پہنچ گئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
