ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے کا کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ، پیش رفت کا جائزہ لیا

چیئرمین سی ڈی اے کا کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ، پیش رفت کا جائزہ لیا

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)سہیل اشرف نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران اور تعمیراتی ٹیموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، جبکہ تعمیراتی معیار اور کوالٹی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور کام کے آغاز کے صرف دو ہفتوں سے زائد عرصے میں منصوبے کا 51 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں ادارے کی مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں اہم ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانا ہے۔ *دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے تعمیراتی مقام کا تفصیلی معائنہ کیا اور جاری سول و اسٹرکچرل کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کی انتظامی اور انجینئرنگ ٹیموں کو ہدایت کی کہ مثر رابطہ کاری، دستیاب وسائل کے بہترین استعمال اور تعمیراتی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کے ذریعے کام کی رفتار برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے، تاہم معیار، پائیداری اور مقررہ انجینئرنگ اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا سنگِ بنیاد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکھا تھا، جس کے بعد تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ بارش کے باعث دو دن کام متاثر ہونے کے باوجود منصوبے پر کام کی رفتار برقرار رکھی گئی اور صرف دو ہفتوں میں نصف سے زائد کام مکمل کر لیا گیا، جو تعمیراتی سرگرمیوں کی موثر رفتار اور منصوبہ بندی کا مظہر ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس ایک اہم عوامی منصوبہ ہے، جس کا مقصد ٹریفک کی دیرینہ مشکلات پر قابو پانا اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور اس دوران معیار کی جانچ، تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور سڑک استعمال کرنے والوں کی سہولت کو خصوصی اہمیت دی جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کی تکمیل سے اسلام آباد کے مصروف ترین چوراہوں میں سے ایک پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، رش میں کمی آئے گی اور اسلام آباد و راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور بہتر حفاظتی ماحول میسر آئے گا، جبکہ جڑواں شہروں کے درمیان رابطہ کاری اور ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔