ہومپاکستانحکومت نے بجٹ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کیلئے 4 ارب روپے مختص کر دیے

حکومت نے بجٹ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کیلئے 4 ارب روپے مختص کر دیے

بہاولپو،پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے فیکلٹی، سٹاف، طلباء وطالبات اور بہاولپور کے سماجی وتعلیمی حلقوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے آئندہ سال کے مالیاتی بجٹ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 4 ارب روپے مالیت کے میگا پروجیکٹس کے لیے رقم مختص کر دی ہے۔ ان منصوبوں کا پی سی ون سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے منظور شدہ ہے اور اس سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور اس کے سب کیمپسز میں نئے تدریسی شعبہ جات، انسٹیٹیوٹ اور ہاسٹل تعمیر کیے جائے گے اور احمد پور شرقیہ میں نیا سب کیمپس بھی قائم ہوگا۔یہ منصوبے ہائر ایجوکیشن کے شعبے کے لیے حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے 44 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہیں۔ بعدازاں ان میں 15ارب روپے کا اضافہ کر دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر سال 2021ـ22 کے لیے اس منصوبے کی مد میں 200ملین روپے کی گرانٹ رکھی گئی ہے اور کارکردگی کی بنیاد پر اضافی رقم فراہم کی جائے گی۔ مزید براں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے ریڈیو پاکستان کی بجٹ نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کے مالی بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ترقیاتی کاموں کے لیے 44ارب روپے رکھے گئے ہیں اور 66 بلین روپے کا آپریشن بجٹ ہے جس کے ذریعے ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیز کو گرانٹ دیتی ہے۔ان میں پچھلے برسوں کے مقابلے میں ایک قابل ذکر اضافہ کیا گیا ہے اور خوش آئند بات ہے کہ حکومت نے اس میں مزید گنجائش رکھی ہے کہ اس میں 15ارب روپے بڑھائے بھی جا سکتے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کل مختص کی گی رقم تقریباً 120بلین روپے ہے جو اعلی تعلیم کے شعبے کے لئے انتہائی نیک شگون ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔