اسلام آباد ،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے گوادر میں کیمپس بلڈنگ کی تعمیر مکمل ہونے پر پورے صوبے بالخصوص ضلع گوادر کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کیمپس کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے ، تیر تر انٹرنیٹ سہولت کے ساتھ کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے ، لائبریری کی سہولت فراہم کی گئی ہے ، ورکشاپس/ امتحانی ہال اور کانفرس رومز بنائے گئے ہیں،علاقے کے طلباء بالخصوص طالبات آن لائن داخلوں ، آن لائن ورکشاپس اور اسائنمنٹس آن لائن جمع کرانے کے لئے یہاں پر موجود سہولتوں سے مفت استفادہ کرسکیں گے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گوادر کیمپس کی افتتاحی تقریب عنقریب منعقد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بلوچستان کے عوام کو میٹرک کی تعلیم بھی مفت فراہم کرتی ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ایک بھی بچہ محض غربت کی وجہ سے تعلیم کے حصول سے محروم نہ رہ جائے۔ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ملک بھر میں پسماندہ ترین اور کم شرح خواندگی والے بالخصوص اُن علاقوں میں جہاں رسمی نظام تعلیم کے ادارے موجود نہیں ہیں یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر اور ماڈل سٹڈی سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز)ڈی جی آر ایس( ، انعام اﷲ شیخ کے مطابق پسماندہ علاقوں میں خواتین کو تعلیم کے حصول میںمشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے یا اِن علاقوں کی خواتین سماجی پابندیوں کے سبب سکول/کالج جانے سے قاصر ہوتی ہیں ، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم ایسی خواتین کو اُن کی رہائش گاہوں کے قریب ترین مقامات پر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کیمپس کے قیام کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ اس علاقے کے خواتین کو گھر کی دہلیز پر تعلیمی مواقع فراہم کئے جائیں۔
اوپن یونیورسٹی نے گوادر میں ریجنل کیمپس تعمیر کیا ، افتتاح جلد متوقع
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
