اسلام آباد ،امریکی پلاسٹک سرجری کے ادارے کی جانب سے دنیا کی خوبصورت خواتین اور پرکشش مرد حضرات کے انتخاب کے لیے انٹریز بھجوائے جانے کے اعلان کے بعد پاکستانی مطالبہ کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کو بھی پرکشش مرد حضرات کی فہرست میں شامل کیا جائے۔
پاکستان میں 3 جون کو ٹوئٹر پر سال 2021 کے دنیا کے 100 پرکشش مرد حضرات کا ٹاپ ٹرینڈ کررہا تھا۔مذکورہ ٹرینڈ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے پاکستانیوں نے امریکی پلاسٹک سرجری کے ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے 68 سالہ وزیر اعظم کو پرکشش مرد حضرات کی فہرست میں شامل کرے۔دنیا کی خوبصورت خواتین اور پرکشش مرد حضرات کی انٹریز کے لیے امریکی پلاسٹک سرجری کے ادارے ٹاپ بیوٹی ورلڈ نے گزشتہ ماہ 6 مئی کو اعلان کیا تھا۔زیادہ تر پاکستانیوں نے وزیر اعظم کی عمر مینشن کیے بغیر انہیں پاکستان کا خوبصورت ترین مرد قرار دیا اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ انہیں دنیا کے پرکشش ترین مرد حضرات کی فہرست میں شامل کیا جائے اور ساتھ ہی ان کے مداحوں نے دوسرے لوگوں کی بھی وزیر اعظم کو منتخب کرنے کو ووٹ دینے کا مشورہ دیا۔ٹوئٹر پر اگرچہ زیادہ تر لوگوں نے وزیر اعظم عمران خان کو دنیا کا پرکشش مرد قرار دیا لیکن بعض افراد نے دوسرے سیاستدانوں کو بھی ووٹ دیا۔
