اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن و توہین چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن و توہین چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اورفوادچودھری کے وکلا نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ گواہان کے بیانات اور شواہد ریکارڈ ہونے ہیں۔ جس پر وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ عام انتخابات تک کمیشن بھی مصروف ہے، تاثر جا رہا ہے کہ کمیشن ایک جماعت کے خلاف ہے۔
ممبر خیبرپختونخوااکرام اللہ نے کہا کہ ہم پارٹی نہیں ہیں۔ وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ مختلف جگہوں پر دفعہ 144 لگا دی گئی ہے، انتخابات 5 سال بعد آتے ہیں، جلسے جلسوس نہیں کرنے دیئے جا رہے، تحریک انصاف کا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔
ممبر اکرام اللہ نے کہا کہ بلے کے نشان کے بغیر بھی الیکشن لڑا جا سکتا ہے۔ جس پر وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ عوام کو یہ بات کیسے سمجھائیں، الیکشن کمیشن کی نگرانی میں دوبارہ انٹراپارٹی الیکشن کرانے کو تیار ہیں، نشان لیکر 5 سال کیلئے پارٹی تحلیل کر دی گئی۔
ممبر اکرام اللہ نے کہاکہ 5 سال کیلئے نہیں، تاحیات پارٹی کو تحلیل کیا گیا ہے، ایک سال سے زائد ہو گیا کیس میں التو پر التوا ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔
عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
