اسلا م آباد،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی حلقے میں پولنگ کے بعد اگلے دن تک نتیجہ نہیں آتا ہے، پولنگ کے بعد اہم مسئلہ بروقت نتیجہ نہ آنا ہے۔بدھ کو اسلام آباد میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو متعارف کروانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ الیکشن اصلاحات پرتمام جماعتوں کو مل کرکام کرناہوگا۔ نون لیگ والے پرچیوں سے باہر آنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور نون لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں پرچی پارٹیاں ہیں۔ انھوں نے پیش کش کی کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کو کہا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین دیکھ لیں کیوں کہ ہمیشہ الیکشن کے بعد دھاندلی کا شور سنائی دیتا ہے اور احتجاج شروع ہوجاتا ہے۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے مشین کی تیاری کیلئے 36 شرائط رکھیں اور سائنسدانوں نے ان تمام 36 شرائط پر مشین بنائی۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہوگی۔اس موقع پر پارلیمانی امور کے مشیر بابراعوان نے کہا ہے کہ الیکڑونک ووٹنگ مشین سے متعلق اپوزیشن کے تمام سوالات کے جوابات دینے کو تیار ہیں،1947 سے پاکستان کے انتخابی عمل کو کینسر لاحق ہے اور اس کے علاج کیلئے ہی مشین لے کر آئے ہیں۔ ہم نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ہے۔ اس سے پہلے الیکشن کمیشن کو الیکٹرونک مشین کا اختیار نہیں دیا گیا تاہم اب 2اختیارات الیکشن کمیشن کو سونپ دیے ہیں۔ ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے دھاندلی کو شکست دینا چاہتے ہیں اور اپوزیشن کے جو بھی سوالات ہیں حکومت اس کا جواب دے گی ۔ مشین سے متعلق بابر اعوان نے بتایا کہ اس مشین میں ووٹر کی شناخت قومی شناختی کارڈ سے ہوگی۔ نادرا کا دیا ہوا ڈیٹا شناختی کارڈ کو ویریفائی کرے گا۔ شناختی کارڈ کی تصدیق کے بعد ووٹر اپنے امیدوار کے نشان کا بٹن دبائے گا اور الیکٹرونک مشین سے ووٹنگ کے نتائج چند سیکنڈز میں آجائیں گے۔انھوں نے مزید بتایا کہ ہر پولنگ بوتھ پر یہ مشین لگائی جاسکتی ہے۔الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں پر خرچہ الیکشن کمیشن کے انتخابات پر پہلے کے خرچے سے زائد نہیں ہوگا۔اس موقع پر سیاست کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ نے آج کہا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔چھوٹی موٹی ٹک ٹاک چلتی رہتی ہے۔عمران خان پاکستان کے لیڈر ہیں اور ان کے بغیر ملک چل نہیں سکتا۔ انھوں نے یقین دلایا کہ کوئی قانون سازی نہ سینیٹ میں رکے گی اور نہ قومی اسمبلی میں رکے گی۔ حکومت کے 3 سال پورے ہوگئے ہیں اوراگلے 2 سال بھی پورے ہونگے۔ اگلے 5 سال بھی عمران خان کی حکومت ہوگی۔
اگلے پانچ سال بھی عمران خان کی حکومت ہوگی،فواد چوہدری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
