لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چودھری اور محمود الرشید کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت جج عبہر گل خان نے کی۔ اس موقع پر اعجاز چودھری اور محمود الرشید کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں پیش کیا گیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں بغاوت، جنگ چھیڑنے اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل کر دیں۔ تفتیشی افسر استدعا کی کہ نئے الزامات کی تحقیقات کیلیے ملزمان کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے 16 ستمبر تک پی ٹی آئی رہنماؤں کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر 9 مئی کو ہونے والے پُرتشدد واقعات کے بعد 25 مئی کو دونوں رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اعجاز چودھری کو ماڈل ٹاؤن جبکہ محمود الرشید کو لاہور میں اقبال ٹاؤن سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
اعجاز چودھری کے بیٹے علی چودھری نے بتایا تھا کہ والد ایک عزیز کے گھر مقیم تھے، پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، اہلکاروں نے گھر میں بزرگ خواتین سے بد تمیزی کی، والد کو چیئرمین سینیٹ کے احکامات کے باوجود بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا۔
جلاؤ گھیراؤ کیس ،اعجاز چودھری اور محمود الرشید کا جسمانی ریمانڈ منظور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
