ہومتعلیمبین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب

اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں یوم دفاع کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے کونسل ہال میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی، یونیورسٹی کے نائب صدور، ڈینز، سینئر فیکلٹی ممبران، طلباء اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر مختار نے اس موقع پر کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو ہماری بہادر افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کر کے ملک کا مثالی دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ کی خصوصیت اور اہم بات پاک فوج اور پاکستانی عوام کے لیے مثالی محبت کا جذبہ تھا۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہاکہ آج وطن عزیز سے محبت کے اس جذبے کو دوبارہ بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سرزمین کے بہادر بیٹوں بالخصوص شہدا پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن دشمن کو اس کے مذموم عزائم کی تکمیل میں ایک انچ بھی آگے نہیں ہٹنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن وطن عزیز کے دفاع میں اتحاد اور ایثار کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔ ڈاکٹر مختار نے مزید کہا کہ شہداء کے خاندان ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔
قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور متحد قوم کے طور پر ابھرنے کا بہترین وقت ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ اختلافات کو ایک طرف رکھ دیا جائے اور ایک متحد قوم بن کر ابھرا جاے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک بڑی تعداد میں شہداء نے ہمیں ایک محفوظ اور آزاد وطن دینے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو آباؤ اجداد اور شہداء کی قربانیوں پر فخر کرنا چاہیے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کے دل و دماغ میں وطن کی محبت پیدا کریں اور انہیں ہمارے بہادر ہیروز کی تاریخ سے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی اور امن کو اپنے شہداء اور سابق فوجیوں کی بے مثال قربانیوں کے مرہون منت ہیں۔ ڈاکٹر مختار نے مزید کہا کہ آج ہم یوم دفاع کے موقع پر شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

اس موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آئی ایس پی آر کی جانب سے حال ہی میں جاری کیا گیا قومی نغمہ بھی سکرین پر چلایا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔