اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انوارالحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوارالحق کاکڑ سے نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی، صوبوں کے گورنرز اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انوار الحق کاکڑ کا بطور رکن سینیٹ استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام کی منظوری دی تھی جس کے بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سمری پر دستخط کر دیے تھے۔
انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم غیر جانبدار رہنے کے لیے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے جو چیئرمین سینیٹ نے منظور بھی کر لیا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
