Monday, June 1, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینامریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم "اپنا" پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے : مسعود خان

امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم “اپنا” پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے : مسعود خان

واشنگٹن ڈی سی،

سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم “اپنا” پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط پل ہے۔ یہ تنظیم ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم “اپنا” کے 46ویں سالانہ سمر کنونشن کے موقع پر سفیر مسعود خان نے اپنی ٹویٹس میں تنظیم کو کئی دہائیوں پر محیط شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دی۔

اپنا، امریکہ کی سب سے بڑی میڈیکل ایسوسی ایشن ہے جو ہزاروں پاکستانی ڈاکٹرز پر مشتمل ہے اور گذشتہ چار دہائیوں سے امریکی عوام کی خدمت کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ تنظیم پاکستان میں صحت، تعلیم اور سماجی ترقی میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

اس موقع پر اپنا کی قیادت بشمول صدر ڈاکٹر ارشد ریحان، سابق صدور اور تنظیم کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے مسعود خان نے اپنا کو انسانیت کے لیے خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم ، صحت اور سماجی ترقی کے حوالے سے اپنا کی خدمات بے مثال ہیں۔ “ہم آپ کی کارکردگی اور کامیابیوں پر نازاں ہیں”۔

وبائی امراض سے لیکر تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے متاثرہ افراد کو ریلیف پہچانے میں اپنا ہمیشہ صف اول میں رہی ہے۔ تنظیم نے انسانی خدمت کے ضمن میں ہمیشہ غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کی ثابت قدمی سے مدد کی ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے لوگ سیلاب اور کوویڈ 19 کے دوران اپنا کی بروقت اور موثر امدادی سرگرمیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

چھ روزہ سالانہ کنونشن پیشہ ور افراد اورسمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ مختلف شعبہ جات میں علم اور مہارت کو شئیر کرنے کے علاوہ یہ کنوینشن شرکاء کے درمیان بامعنی روابط کو فروغ دیتا ہے۔

سفیر پاکستان مسعود خان کو بھی کنونشن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔