اسلام آباد :قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کیخلاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر کو خط لکھ دیا۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے خط میں لکھا گیا ہے کہ جدید دور میں مقدس شخصیات، صحیفوں اور مذہبی جذبات کی بے حرمتی کیلئے کوئی گنجائش نہیں، اسلام ایک جامع ضابطہ اخلاق ہے اور رواداری، امن، خوشحالی، انسانیت اور محبت کی گہری اقدار کو سمیٹتا ہے، قرآن پاک ہماری مقدس کتاب، ایک لازوال رہنما اور تشدد کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتی ہے، قرآن پاک امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام ہمیں سختی سے دوسرے مذاہب، پیغمبروں یا مقدس کتابوں کی توہین سے روکتا ہے، آزادی اظہار رائے کی آڑ میں نبی اکرم اور قرآن پاک کی توہین مسلمانوں کو بے پناہ تکلیف پہنچاتی ہے، آزادی اظہار رائے کی آڑ میں توہین سے پہنچنے والی تکلیف کو حقیقت سمجھ کر اس کا اعتراف کیا جائے، دنیا کو اسلام کے حقیقی مفہوم اور پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے لکھا کہ ہم نبی اکرم اور قرآن پاک کیلئے گہری عقیدت اور محبت رکھتے ہیں، قرآن پاک کی حالیہ بے جرمتی اور ماضی کے دیگر واقعات علم کی کمی اور غلط فہمیوں کی جڑ ہیں، اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کیا جانا ہم سب پر فرض ہے، ہم پر فرض ہے کہ دوسروں کو افہام و تفہیم، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی تعلیم دیں۔
