اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 5 ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا۔
ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایکسپورٹس، ای پاکستان، واٹر اینڈ فوڈ سکیورٹی، انوائرمنٹ، انرجی اور ایکویٹی ٹرن آ راؤنڈ پاکستان کے ستون ہیں۔
انہوںنے کہا کہ اس فریم ورک سے برآمدات میں اضافے کے لیے نئے کاروبار اور روزگار کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ تعلیم، صحت کے فروغ اور آبادی پر کنٹرول سے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سستی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی سے معیشت و کاروبار میں نئی تیزی آئے گی، آبی ذخائر اور غذائی تحفظ کے ذریعے ماحول بہتر بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 5ای پاکستان کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیں گے اور انہیں با اختیار بنائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی کے لحاظ سے فسکل خسارے کا 4.9 فیصد سے کم ہو کر 4.6 فیصد پر آنا کامیابی ہے، یہ حکومت کی درست معاشی پالیسی کا مثبت نتیجہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 76 فیصد کمی درست معاشی پالیسی کی علامت ہے۔
