لاہور:عمران خان کے قریبی ساتھی نے بڑے بڑے انکشافات کردیئے، عدالت میں بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تیسری شادی کی تقریب اور نکاح فراڈ پر مبنی تھا، ریحام خان کو طلاق بھی بشریٰ بی بی کے کہنے پر دی گئی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے قریبی ساتھی اور ان کے بشریٰ بی بی سے نکاح کے گواہ نے بھانڈہ پھوڑ دیا۔ عدت کے دوران نکاح کیخلاف کیس میں عون چوہدری نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔
اس سے قبل سول جج نصر مِن اللہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عون چوہدری کا بیان قلمبند کرنے کی اجازت دی تھی۔
نکاح کا انتظام کرنیوالے اور بطور گواہ نکاح میں شریک سابق وزیراعظم کے قریبی ساتھی عون چودھری نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ عمران اور بشری بی بی کے نکاح کے وقت عدت پوری نہیں ہوئی تھی، عمران خان نے اس حقیقت کو جانتے ہوئے بھی یکم جنوری 2018 کو نکاح کرلیا۔
عون چودھری کے مطابق بشری بی بی نے عمران خان کو کہا تھا کہ ہم میاں بیوی رہیں گے تو تم وزیراعظم بن جا گے، عمران خان نے یہ بھی بتایا تھا کہ بشری بی بی کو حکم ملا ہے کہ 2018 کے پہلے دن نکاح کرلیا جائے، عمران خان کے کہنے پر ہی ان کے نکاح کا انتظام کیا۔
عون چودھری نے بتایا کہ مفتی سعید نے نکاح کے وقت میرے سامنے بشری بی بی سے طلاق نامے کا پوچھا، انہوں نے کہا طلاق ہوگئی ہے، طلاق نامہ دے دیا جائے گا، عدت کے دوران نکاح کی بات میڈیا پر آئی تو 18 فروری کو دوبارہ نکاح کیا گیا۔
عون چودھری نے اپنے بیان میں یہ انکشاف بھی کیا کہ عمران خان نے ریحام خان کو طلاق بھی بشری بی بی کے کہنے پر ہی دی تھی، بشری بی بی نے کہا تھا ریحام کو فی الفور طلاق دے دو۔
عمران خان نے بشریٰ بی بی کے کہنے پر ریحام کو طلاق دی، عون چودھری کا انکشاف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

