اسلام آباد(سب نیوز)امریکی کانگریس کے ایک وفد ، جس میں کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر شامل تھے، نے آج نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں جاری مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا۔ دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمانی سطح پر مسلسل روابط باہمی اعتماد کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
امریکی کانگریسی وفد نے امریکی معیشت اور معاشرے میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کی نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط اور مؤثر پل قرار دیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ امریکی کانگریس کے ارکان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
