راولپنڈی: ٹورازم ہائی وے پراجیکٹ کے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کانفرنس روم میں اجلاس ہوا۔ اجلاس چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضی، ایم این اے صداقت عباسی اور ایم پی اے میجر لطاسب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایف ڈبلیو او، نیسپاک، محکمہ سیاحت اور دیگر اداروں کے حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ٹورازم ہائی وے منصوبے پر کام کا جائزہ لیا گیا اور نیسپاک کو منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سیاحتی شاہراہ میں مسنگ لنکس کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ایف ڈبلیو او کو کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے سیاحوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور مقامی لوگ بھی اس سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بنیادی طور پر سیاحوں کے لیے ہے اور مری کا متبادل راستہ ہے۔
ایم این اے صداقت عباسی نے کہا کہ اس کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹریفک کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔ کیونکہ اس وقت ٹریفک شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس مسئلے کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
