لاہور (سب نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے نہیں جارہی۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی اپنے بل بوتے پر سیاسی فورم سے عوام کا مقدمہ لڑے گی، ماضی میں بننے والے سیاسی اتحادوں نے جماعت اسلامی کو فائدے کے بجائے زیادہ نقصان پہنچایا، اس لیے آئندہ جماعت اسلامی اپنی سیاسی جدوجہد خود کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں سینئر صحافیوں اور ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک اور حکومت سے مذاکرات سمیت مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دھرنا طویل اور صبر آزما ہوگا، حکومت کوگھٹنے ٹیکنے کے لیے ہمارے پاس آنا ہوگا، انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کو اسلام آباد مذاکرات کی دعوت ملی ہے تاہم ایسا نہیں ہوسکتا کہ لاہور، کراچی اور پشاور میں دھرنے ہوں اور اسلام آباد کے بند کمروں میں مذاکرات ہوں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ہماری تحریک طویل ہوگی لیکن فیصلہ کن ثابت ہوگی، انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ 13ربیع الاول، جمعرات کو ملک بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اس کے بعد پہیہ جام اور شٹر ڈاون کی سرگرمیوں کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مارچ کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کا مقصد محض احتجاج کرنا نہیں بلکہ نظام میں تبدیلی اور عوام کے مسائل کا حل ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی اتحادوں کے بجائے جماعت اسلامی اپنے سیاسی پلیٹ فارم سے عوام کی آواز بنے گی اور اپنے بل بوتے پر جدوجہد کرے گی۔امیر جماعت اسلامی نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ حکومتی لیوی کے اقدامات کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیوی کوئی ٹیکس نہیں بلکہ حکومت کا جگا ٹیکس ہے، انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے عوام پر عائد کیے جانے والے مختلف مالی بوجھ اور اس کے اثرات کو اجاگر کیا جائے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے معاشی مسائل، مہنگائی، ٹیکسوں اور دیگر مشکلات کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی، ان کے مطابق حکومت کو عوامی دبا کا سامنا ہے اور جماعت اسلامی کی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اپنے سیاسی پروگرام اور عوامی طاقت کے ذریعے نظام میں تبدیلی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی ، حافظ نعیم الرحمان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
