مظفر آباد (سب نیوز)آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ کل ہوگی، 7 نشستوں پر 9 امیدوار مدمقابل ہیں ۔ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے انتخابات کے شیڈول کے مطابق اتوار کو امیدواروں کی دستبرداری کا دن مقرر تھا۔خواتین کے لیے مخصوص 5 نشستوں پر 7 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔ پیپلز پارٹی کی شاہین کوثر ڈار کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں میں مسلم لیگ ن کی جانب سے رفعت عابد، سحرش قمر، مریم ادریس اور مریم زمان شامل ہیں، جبکہ فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجا پیپلز پارٹی کی امیدوار ہیں۔علمائے دین و مشائخ کی ایک مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ ن کے پیر مظہر سعید اور پیپلز پارٹی کے حافظ طارق محمود کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز کی ایک مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ ن کے سید افتخار گیلانی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ذوالفقار علی مدِمقابل ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ریاستی باشندگان مقیم بیرون ملک کے لیے مخصوص ایک نشست پر صرف ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے تھے، جس کے باعث مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔انتخابی شیڈول کے مطابق خواتین، ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز اور علمائے دین و مشائخ کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ کل 24 اگست 2026 کو ہوگی۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اسمبلی ہال مظفرآباد میں جاری رہے گا۔
