ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں دیر، سوات، مالاکنڈ، چترال، مردان، نوشہرہ، مانسہرہ اور گرد و نواح میں جمعرات کو شام سوا سات بجے کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پنجاب میں جھنگ، سیالکوٹ، سرگودھا اوردیگرشہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ وادی نیلم، وادی جہلم، مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے سے خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اسکا مرکز ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں تھا، زلزلے کی زیر زمین گہرئی 173 کلومیٹر تھی۔ پاکستانی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت زیادہ ہے لیکن گہرائی زیادہ ہونے سے سنگینی کم ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے جبکہ افغانستان اور تاجکستان میں بھی زلزلے کی اطلاعات ہیں۔
