وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاپ 27 کانفرنس موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نظرانداز کرنا مجرمانہ غفلت ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ کاپ27 کانفرنس کا مصر میں انعقاد ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے خلاف انسانیت کی جنگ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، اس وقت پاکستان اور افریقا میں انتہائی موسمی واقعات نے ماحولیاتی تبدیلی کی عالمگیریت کو ظاہر کیا ہے، اس کے مہلک اثرات پر آنکھیں بند کرنا مجرمانہ غفلت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جی 77 کی صدارت کرتے ہوئے دنیا پر زور دیں گے کہ وہ کلائمیٹ فنانسنگ اور نقصانات کے ازالہ کیلئے فنڈ کے طور پر اپنے وعدہ کو پورا کرے، مالی مدد کے بغیر ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے متعدد خطرات سے دوچار رہیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم آب و ہوا کا انصاف مانگ رہے ہیں، حالیہ قدرتی آفات کے بعد ضروریات کے جائزہ سے یہ بات سامنے آئی کہ قرضوں، توانائی اور خوراک کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے متاثرین کی بحالی کیلئے ہماریکوششوں میں رکاوٹ آسکتی ہے، دنیا پاکستان کو کیس سٹڈی سمجھے۔دوسری جانب وزرات موسمیاتی تبدیلی نے وزیراعظم کے تقریر کے اہم نکات تیار کرلئے، کاپ27 کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے گزشتہ بیس برسوں کی تباہ کاریاں اجاگر کریں گے۔ دستاویز کے مطابق پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے 152مختلف موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہوا، موسمیاتی تبدیلیوں سے سطح سمندر میں 2 سے 3 فٹ اضافہ ہوگا، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2025 پانی کی شدید کمی کا سامنا ہوگا، حالیہ سیلاب سے 1731 افراد جاں بحق جبکہ 40 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نظرانداز کرنا مجرمانہ غفلت ہوگی، وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
