سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ کے بعد جمعہ کو پی ٹی آئی کارکنان نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں احتجاج کیا۔
مظاہرین نے احتجاج کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم فیض آباد میں مبینہ طور پر ایک غریب نوجوان کی موٹر سائیکل بھی نذرِآتش کر دی تھی۔
سوشل میڈیا پر روتے ہوئے اشتیاق حسین نامی نوجوان کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ بائیکیا چلا کر مزدوری کرتے تھے۔
اشتیاق حسین نے بتایا کہ مظاہرین نے ان سے بائیک چھین کر جلایا۔
Hasan can you pls get me his contact? https://t.co/HDN5eKABCB
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 4, 2022
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے بھی ان کا نمبر مانگا اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے اشتیاق حسین کو موٹرسائیکل دینے کی پیشکش کی۔
غیر سرکاری امدادی ادارے ہینڈز ٹرسٹ کے چیئرمین فیصل جمیل نے اشتیاق حسین کو نئی موٹر سائیکل خریدنے کے لیے 91 ہزار روپے کا چیک دیا جس پر اشتیاق اور ان کے بھائی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اشتیاق حسین والد کی وفات کے بعد بائیکیا سروس کے ذریعے گھر کے اخراجات چلا رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے مظاہرین کئ جانب سے جلائے جانے والے موٹر سائیکل کے بدلے میں بائیکا رایڈر کو چیک مل گیا ۔، @faisaljamil15 نے بانوے ہزار کا چیک دے کر روتے ہوئے نوجوان کی خوشیاں لوٹا دیں۔۔ pic.twitter.com/g33DkLKiPr
— Waseem Abbasi (@Wabbasi007) November 4, 2022
بائیکیا کمپنی شہریوں کو موٹر سائیکل کے ذریعے ٹیکسی کے نسبت کم قیمت پر ٹرانسپورٹیشن کی سہولت فراہم کرتی ہے جس کا زیادہ تر استعمال طلبا اور دفاتر میں کام کرنے والے کرتے ہیں۔
ٹوئٹر پر صارفین ایک طرف بائیکیا چلا کر اپنی زندگی کی گاڑی کھینچنے جیسے مشکل کام پر گفتگو کر رہے ہیں وہیں احتجاج کے دوران عوامی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے معاملے پر بھی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ احتجاج کریں لیکن غریبوں کی روزی روٹی کا خیال رکھیں۔
