ہومپاکستانعمران خان پرفائرنگ،انٹیلی جنس رپورٹ میں کیا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا؟

عمران خان پرفائرنگ،انٹیلی جنس رپورٹ میں کیا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا؟

انٹیلی جنس ذرائع نے رپورٹ دی تھی کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے، چند جرائم پیشہ عناصر مسلح جتھوں کی صورت مظاہرین بن کر مارچ میں شامل ہوں گے۔
28 اکتوبر کو تحریک انصاف کا شروع ہونے والا لانگ مارچ خونی بننے کا خدشہ ظاہر کیا گیاتھا، یہ سنگین حقائق انٹیلی جنس ذرائع نے حکومت کو بھیجے تھے۔
خفیہ ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ میں مسلح اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصر جتھوں کی صورت میں مظاہرین بن کر شامل ہوں گے، جن کی تخریبی کارروائی سے خود شرکاء کی جان خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کی جانب سے حکومت کو بھجوائی گئی سنگین خطرات سے متعلق رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ مسلح گینگز لانے میں تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور، شہریار آفریدی، قاسم سوری جیسے رہنما مبینہ طور پر ملوث ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے مارچ میں پہلے بھی مسلح افراد اور اسلحہ پکڑا جا چکا ہے، اور اب پھر گجرات، لاہور کے مضافات، اٹک، پشاور، گجر گڑھی، باڑہ اور بڈھا بیر سمیت کئی علاقوں سے مسلح جتھے پہنچنے کا خطرہ ہے، اور اس صورتحال کا فائدہ دہشتگرد تنظیمیں بھی اٹھا سکتی ہیں۔
رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کو جرائم پیشہ عناصر کی سہولت کاری کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، اور صوبائی حکومت کی سرپرستی سے ہونے والی گڑ بڑ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں، جب کہ تخریبی عناصر کی موجودگی سے امن و امان کی خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔