اسلام آباد(آئی پی ایس)چائینز زبان سیکھنے کے شوقین افراد کے لیے اچھی خبر، یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں جلد چائینز زبان کی کلاسیز شروع ہونگی، جامعہ بلتستان اور تھانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن چائینہ کےمابین معاملات عنقریب طے پائیں گے ، تھانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن چائینہ کے وفد نے یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کیمپ آفس اسلام آباد میں رجسٹرار یونیورسٹی آف بلتستان سکردو وسیم اللہ جان ملک سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی مشاورت کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی.
رجسٹرار جامعہ بلتستان نے وفد کو یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں دسیتاب وسائل کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی ، وسیم اللہ جان ملک نے کہا کہ جامعہ بلتستان گلگت بلتستان میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، جامعہ ہذا نے اپنے قیام کے بعد بڑی کامیابیاں حاصل کیں ، شعبہ جات کی تعداد بھی اضافہ کیا گیا ہے ، تعلیمی معیار کے اعتبار سے اب یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کا شمار وطن عزیز کی بڑی جامعات میں ہونے لگا ہے، تھانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن چائینہ کے وفد نے جامعہ بلتستان کی علم دوست کاوشوں کو سراہا اور جامعہ بلتستان کے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کی.
وفد نے یونیورسٹی آف بلتستان میں چائینز زبان کی کلاسیں شروع کرنے کے لیے آمادگی کا آظہار کیا ، وفد نے یونیورسٹی آف بلتستان کے رجسٹرار سے گزارش کی کہ وہ یونیورسٹی آف بلتستان کے ساتھ مل کر بلتستان یونیورسٹی میں چائیز زبان کی باقاعدہ کلاسیں شروع کرنے کے خواہاں ہیں رجسٹرار جامعہ بلتستان نے کہا کہ وقت کے ساتھ چائیز زبان کی اہمیت اور ضرورت بڑھتی جار ہی ہے ، جامعہ بلتستان تھانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن چائینہ کے اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس معاملے میں تھانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن چائینہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، وفد نے یونیورسٹی آف بلتستان شعبہ سیاحت و مہمان نوازی میں نئے پروگرامز شروع کرنے اور سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کیا اور مستقبل میں اس حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے کا بھی اعادہ کیا.
ملاقات میں طے پایا کہ دونوں ادارے باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے بھر پور اقدامات جاری رکھیں گے، اور دونوں جامعات کے مابین فعال اشتراک عمل جاری رہے گا ، یونیورسٹی آف بلتستان اور تھانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن چائینہ کے اشتراک سے چائینز زبان کی کلاسیں شروع کرنے کے حوالے سے ایم او یو پر جلد دستخط کیا جائے گا ۔
