Sunday, October 13, 2024
ہومپاکستانن لیگ کے شعلہ بیاں رہنما سینیٹر مشاہد اللہ آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک

ن لیگ کے شعلہ بیاں رہنما سینیٹر مشاہد اللہ آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک

اسلام آباد ،پاکستان مسلم لیگ ن کے شعلہ بیاں رہنما سینیٹر مشاہد اللہ کو ایچ الیون کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کر دیا گیا ،برجستگی اور بزلہ سنجی اور برمحل جملے کے بعد گونج دار قہقہے مارنے کے لیے مشہور زندہ دل اور باغ و بہار شخصیت کے مالک سینیٹر مشاہد اللہ خان کی نماز جنازہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، راجہ ظفرالحق ،اقبال ظفرجھگڑا، سردار ایاز صادق ، مصدق ملک، جے یوآئی کے رہنما مولانا عطاالرحمان، انجم عقیل خان، سردار مہتاب عباسی، پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکر، پی ڈی ایم کے رہنما شاہ اویس نورانی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنمائوں میں ہوتا تھا اور وہ مسلم لیگ کی سابق حکومت میں وفاقی وزیرِ ماحولیات رہے تاہم بعد میں ایک انٹرویو کے بعد انھیں وزارت سے ہٹا دیا گیا تھا۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہداللہ خان دسمبر 2020 میں شدید علیل ہوگئے تھے جنہیں اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں داخل کروایا گیا۔سینیٹر مشاہداللہ خان ڈھائی ماہ تک اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم گزشتہ رات ان کی طبیعت بگڑگئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملے ۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مشاہداللہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ مریم نواز نے کہا کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال کی خبر سن کر ان کو دھچکا لگا، ان کا انتقال مسلم لیگ ن یاپارلیمنٹ نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔مریم نواز نے کہا کہ وہ میرے والدہ کی طرح میرے لیے محترم اور میرے استاد رہے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب ،شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماں نے بھی افسوس کااظہارکیا ،صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، مولانافضل الرحمان وزیراطلاعات شبلی فراز، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی شخصیات نے سینیٹر مشاہداللہ کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے مشاہد اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاہے کہ ایوان بالاء ایک انتہائی فعال رکن، ملک ایک مدبرسیاست دان اور ہم ایک بہترین دوست سے محروم ہوگئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مرحوم کی ملکی سیاست اور پسماندہ طبقات کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی مرحوم سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہا رکیا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں غم زدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے لواحقین کیلئے صبر اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ۔قائد حزب اختلاف سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق نے بھی سینیٹر مشاہد اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی ۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مرحوم نے ایوان میں پسماندہ طبقات کے حقوق کیلئے آواز بلند کی اور ان کے انتقال سے بہت بڑا سیاسی خلا پیدا ہوگیا ہے جس کو پر کرنا مشکل ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے ایوان بالا کے رکن سینٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے مرحوم کے اہلخانہ کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں مشاہد اللہ خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشاہد اللہ خان ایوان بالا کے ایک فعال رکن تھے، ان کی وفات سے پارلیمان ایک متحرک سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان نڈر بہادر اور منجھے ہوئے سیاستدان تھے مشاہد اللہ خان پارلیمان کے اندر اور باہر اپوزیشن کی ایک موثر آواز تھے انہوں نے کہا کہ مشاہد اللہ خان کی ملکی سیاست میں اہم کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگاپاکستان کی سیاست میں مشاہد اللہ خان کا انتقال ایک بڑا خلا ہے جسے پر نہیں کیا جاسکتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔