اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور ازبکستان کے سفیر علیشر توختائف کی جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ جسمیں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ازبکستان کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ازبک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین طویل تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے برادرنہ تعلقات قائم ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور اور سرسبز و شادابی کو سراہا۔ازبک سفیر نے فیصل ایونیو پر بابر پارک کے قیام کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بابر پارک کے قیام کے حوالے سے باقاعدہ کام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان حکومت کی طرف سے پاکستان کے شہریوں کیلئے بابر پارک کا تحفہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر پارک کا شمار اسلام آباد کے بہترین پارکس میں ہوگا۔چئیرمین سی ڈی اے نے بابر پارک کے منصوبے کے ڈیزائن کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابر پارک کے منصوبے کا جلد دورہ کرونگا۔ازبک سفیر نے کہا کہ اسلام آباد اور تاشقند کو سسٹر سٹیز کا درجہ دینے کیلئے ایم او یو تقریب جلد متوقع ہے۔ملاقات میں ازبک کے سفارتخانے کو ڈپلومیٹک انکلیو میں منتقل کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ازبکستان کے سفارتخانے کو ڈپلومیٹک انکلیو میں منتقل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ازبک سفیر نے کہا کہ برادرانہ تعلقات کو تقویت دینے کیلئے اسلام آباد میں تاشقند اسٹریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور ازبک کے تاریخی شہر فرغانہ کے مابین سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ملکر بیوٹفکیشن اور اپ لفٹنگ کے کاموں کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد شہر کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے ازبکستان کے تجربات اور استعداد کار سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مزید شعبوں میں تعاون اور شہری سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
