مکہ مکرمہ (سب نیوز)ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ محمد عارف اسلم رائو نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے متعارف کرایا گیا ‘نسک کارڈ’ محض ایک شناختی دستاویز نہیں بلکہ پاکستانی عازمین کے لیے ایک ‘ڈیجیٹل محافظ’ ہے جو دورانِ حج ان کی سلامتی اور سفری سہولیات کی ضمانت دیتا ہے۔
مکہ مکرمہ میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف اسلم را ئونے عازمینِ حج پر زور دیا کہ وہ اپنے رہائشی مقامات سے نکلتے وقت نسک کارڈ کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں، کیونکہ اس کے بغیر مشاعرِ مقدسہ (منی، عرفات، مزدلفہ)میں داخلہ ناممکن ہوگا۔ڈائریکٹر حج نے ایک اہم پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ حج کے دوران رش کی وجہ سے اکثر عازمین راستہ بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نسک کارڈ میں موجود کیو آر کوڈ عازمِ حج کا مکمل نقشہ ہے۔ اگر کوئی عازم راستہ بھول جائے یا اپنے خیمے تک نہ پہنچ سکے، تو سکیورٹی اہلکار اس کارڈ کو اسکین کرتے ہی عازم کو اس کے مخصوص مکتب، خیمہ نمبر اور ہوٹل تک پہنچانے کے پابند ہیں۔ یہ کارڈ بوڑھے اور پہلی بار آنے والے عازمین کے لیے سب سے بڑی سہولت ہے۔
عارف اسلم رائو نے بتایا کہ رواں برس یہ کارڈ فزیکل (پلاسٹک کارڈ)اور ڈیجیٹل (نسک ایپ)دونوں صورتوں میں دستیاب ہے۔ انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موبائل فونز میں ‘نسک ایپ’ لازمی ڈان لوڈ کریں تاکہ اگر فزیکل کارڈ کہیں رہ جائے یا گم ہو جائے، تو موبائل میں موجود ڈیجیٹل کارڈ کو بطور متبادل استعمال کیا جا سکے۔ڈائریکٹر حج نے عازمین کو آگاہ کیا کہ سعودی حکام ‘پرمٹ کے بغیر حج نہیں’ کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کر رہے ہیں۔ مکہ مکرمہ کی حدود اور مقدس مقامات پر سکیورٹی فورسز کسی بھی وقت نسک کارڈ طلب کر سکتی ہیں۔ اس کارڈ کا پاس ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ عازمِ حج قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے اور اسے تمام سرکاری و طبی سہولیات تک مکمل رسائی حاصل ہے۔
محمد عارف اسلم رائو نے پاکستانی عازمین کو ہدایت کی کہ نسک کارڈ کو پلاسٹک کور میں ڈال کر گلے میں لٹکا کر رکھیں تاکہ گم ہونے کا خدشہ نہ رہے۔اپنے کارڈ کی تصویر کھینچ کر اپنے موبائل یا کسی قریبی ساتھی کے پاس بھی محفوظ رکھیں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کارڈ پر موجود معلومات ہی آپ کی فوری شناخت اور واپسی کا ذریعہ بنیں گی۔ڈائریکٹر حج نے کہا کہ پاکستانی حج مشن عازمین کی ہر ممکن رہنمائی کے لیے کوشاں ہے، تاہم عازمین کا تعاون اور نسک کارڈ کا درست استعمال ہی ان کے حج کو آسان اور محفوظ بنا سکتا ہے۔
نسک کارڈ عازمینِ حج کیلئے ڈیجیٹل ڈھال ہے، پاکستانی عازمین حج رہائشی مقامات سے نکلتے وقت لازمی ساتھ رکھیں، ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم رائو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
