Saturday, May 23, 2026
ہومپاکستانپی ٹی آئی نے آڈیو لیکس کی ایف آئی اے سے تحقیقات کا فیصلہ مسترد کر دیا

پی ٹی آئی نے آڈیو لیکس کی ایف آئی اے سے تحقیقات کا فیصلہ مسترد کر دیا

پاکستان تحریک انصاف نے مبینہ دھمکی والے امریکی سائفر سے متعلق عمران خان کی آڈیو لیک کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کے ذریعے تحقیقات کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے عمران خان کی آڈیو لیکس کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت ایک سازش کے تحت ہٹائی گئی، سائفر کی تحقیقات پر حکومتی آمادگی درست سمت کی جانب ایک قدم ہے لیکن انصاف کا تقاضا ہے کہ تحقیقات ایف آئی اے کے بجائے سپریم کورٹ کا بنایا ہوا کمیشن کرے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے، اسی طرح کا کمیشن آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے چاہیے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا عمران خان کو گرفتار کرنا ان کی بہت بڑی بھول ہو گی، عمران خان کی آڈیو لیکس میں کوئی ایسی نئی بات نہیں، عمران خان نے صرف یہ خیال رکھا کہ کسی ملک سے تعلقات خراب نہ ہوں ، فرخ حبیب کا کہنا تھا سائفر ایک حقیقت ہے جو ثابت ہو چکا ہے، ہمارا تو پہلے دن سے مطالبہ تھا کہ جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، ایف آئی اے کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہیں، سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن کے ذریعے سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔