واشنگٹن،امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک میں مہلک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے پیش نظر کورونا ویکسین کی 200 ملین اضافی خوراکوںکی خریداری کے معاہدے کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔جمعہ کو امریکی میڈیاکے مطابق صدر جو بائیڈن نے صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد امریکی عوام سے اس معاہدے کی تکمیل کا وعدہ کیا تھا۔ امریکی صدر نے قومی ادارہ صحت کے دورے کے موقع پر کہا کہ اب ہم نے تمام امریکیوں کو کورونا ویکسین کی فراہمی کیلئے کافی تعداد میں ویکسین خریدی ہے اور اب ہم لاکھوں لوگوں کو ویکسین لگانے کیلئے کوشاں ہیں۔ امریکی صدرنے کہا کہ فائیزر اور موڈرنا کے ساتھ معاہدوں کے بعد کورونا ویکسین کی مزید200 ملین اضافی ویکسینز جولائی کے آخر تک امریکی حکومت کو فراہم کی جائیں گی، اس کے علاوہ 100 ملین خوراکیں جو جون میں پہنچنی تھیں وہ اب مئی میں مل جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں زندگیاں بچ جائیں گی۔ صدر جو بائیڈن نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار کے پہلے 100 دن میں 100 ملین ویکسین لگانے کے اپنے وعدے کو پورا کریں گے۔ بائیڈن نے حفاظتی ٹیکوں کی پیداوار بڑھانے اور ویکسینیشن کی شرح میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ہدف کو عبور کیا جائے گا۔ جو بائیڈن نے کہا کہ میرے پیشرو نے اس بارے میں اپنا کام نہیں کیا، ہم عجلت میں سب کچھ طے نہیں کرسکتے لیکن ہم اسے ٹھیک کرنے جارہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے اموات کی تعداد چار لاکھ 86ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکی صدر کا کورونا ویکسین کی 200 ملین اضافی خوراکوں کی خریداری کے معاہدے کی تکمیل کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔