ہومپاکستانمحکمہ خوراک کے اعلی حکام کا پٹن میں کیال پل کا ہنگامی دورہ

محکمہ خوراک کے اعلی حکام کا پٹن میں کیال پل کا ہنگامی دورہ

کیال، کوہستان(آئی پی ایس) وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ خوراک کے اعلی حکام کا پٹن میں کیال پل کا ہنگامی دورہ۔
سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان صفدر خان کی قیادت میں ڈائریکٹر خوراک اکرام محمد،ڈائریکٹر دیامر ریجن غلام رسول اور سول سپلائی آفیسر دیامر روح الامین نے کوہستان میں حالیہ سیلابی ریلوں سے متاثرہ پل کا دورہ کیاجہاں گندم سے لدے ہوئے 28ٹرک موجود ہیں۔ یاد رہے کہ سیلاب کے باعث شاہراہ قراقرم پر کئی جگہ لینڈ سلائڈنگ کے سبب ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر رہی ہے جس کے نتیجے میں پچھلے کئی دنوں سے گند م کی ترسیل میں تعطل کا سامناہے۔
خوراک کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لئے سیکریٹری محکمہ خوراک صفدر خان نے شاہراہ قراقرام کا جائزہ لیا اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور چائینز انجنیئرز سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ تکنیکی ماہرین جلد ہی پل کی تفصیلی معائینہ کرکے ٹرک اور دیگر بھاری گاڑیوں کی آمد ورفت کے بارے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی متاثرہ سیکشن اور پل کی بحالی کا کام کیا جائے گا جس کے بعد 28ٹرکوں پر مشتمل قافلہ گلگت بلتستان کی جانب روانہ ہوگا۔
ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے کئی اضلاع بھی سیلاب کے باعث متاثر ہوئے ہیں ، اس سلسلے میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی علاقے میں خوراک ، اور آٹے کی قلت کی نوبت نہ آئے ، محکمہ خوراک گلگت بلتستان نے اس سلسلے میں ہنگامی طور پر کام کا آغٖاز کر دیا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ جلد از جلد رسد کی بحالی کا کام بھی ممکن بنایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔