ہومپاکستانمسعود خان کی سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے بین الاقوامی برادری سے مدد کی اپیل

مسعود خان کی سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے بین الاقوامی برادری سے مدد کی اپیل

واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث تباہی روز بروز بڑھ رہی ہے ، نقصانات کا حجم 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر ے گا،پاکستان میں سیلاب مزید تباہ کن ہوتا جا رہا ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی کی بدولت مجموعی نقصان بہت زیادہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان مسعود خان نے ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں بہت مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور ہمیں تباہی در تباہی کا سامنا ہے،سیلابی آفت کے باعث پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پیدا ہو چکی ہیں، لوگ بڑے پیمانے پر بے گھر ہوئے ہیں جبکہ مویشی اور فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔
سفیر پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیان کا حوالہ دیا کہ پاکستان میں کل نقصانات کا حجم 30 بلین ڈالر سے تجاوز کرے گا
سفیر پاکستان نے پاکستان کے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ترک حکومت اور ترک معاشرے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے متحرک کیا۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان حالیہ آفت سے نمٹنے کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لا رہا ہے لیکن تباہی کا پیمانہ اتنا زیادہ ہے کہ ہم یہ کام اکیلے نہیں کر سکتے ۔ لہذا ہم نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کریں
انہوںنے کہا کہ پاکستان سیلاب سے پہلے ہی مشکلات کا شکار تھا کیونکہ یوکرائن کی صورتحال کی وجہ سے ہمیں خوراک کے عدم تحفظ جیسے مسائل کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہا تھا اور ہم اس میں کامیاب ہو رہے تھے اور مثبت سمت جارہے تھے لیکن حالیہ سیلاب سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے اور ان علاقوں میں انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ہمیں متاثرہ علاقوں کی بحالی، آبادکاری اور تعمیر نو کے لئے بھاری سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ بحالی اور تعمیر نو کے اس عمل میں ہم اپنے قومی وسائل پر انحصار کریں گے۔ چونکہ یہ سیلاب ماحولیاتی تبدیلی کا براہ راست نتیجہ ہے اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری بالخصوص ترقی یافتہ ممالک اور اقوام متحدہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی معاونت کے لئے آگے بڑھیں گے ۔
مسعود خان نے کہا کہ مستقبل میں ایسی کسی بھی آفت سے نمٹنے کے لیے تعمیراتی شعبے کو ریگولیٹ کرنے اور آبی وسائل کے تحفظ کے لیے ایک جامع نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ آفات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔