اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چیمبر کو ایف ایم ریڈیو لائسنس جاری کر دیا، جس کے بعد آئی سی سی آئی ملک کا نمایاں کاروباری ادارہ بن گیا جو سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری آگاہی، صنعت و تجارت کی ترقی اور کاروبار میں آسانیوں کے لیے اپنا ریڈیو پلیٹ فارم قائم کرے گا۔
چیئرپرسن پیمرا محترمہ امبرین جان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت کو ایف ایم ریڈیو لائسنس کے اجرا پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی ملکی معیشت اور کاروباری برادری کے فروغ میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کا ایف ایم ریڈیو مستند کاروباری معلومات کی فراہمی، سرمایہ کاری کے فروغ، نوجوانوں میں کاروباری رجحان پیدا کرنے، صنعت و تجارت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور معیشت سے متعلق تعمیری مکالمے کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پیمرا وکیل خان، ڈائریکٹر جنرل فقیر افضل خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر حسن درانی بھی موجود تھے۔
صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے ایف ایم ریڈیو لائسنس کے حصول کو چیمبر کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کاروباری برادری کو جدید اور مؤثر ذرائع ابلاغ کے ذریعے معلومات، رہنمائی اور نمائندگی فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ایف ایم ریڈیو تجارت، صنعت، ٹیکسیشن، سرمایہ کاری، برآمدات، کاروباری مواقع، اختراع، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، ہنرمندی اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق معلوماتی پروگرام نشر کرے گا، جبکہ نجی شعبے کے مسائل، تجاویز اور مطالبات کو متعلقہ اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے ایک مضبوط اور مستند پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
سیکرٹری جنرل آئی سی سی آئی غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو کاروباری برادری تک بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی، حکومتی پالیسیوں سے آگاہی، سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے اور تاجروں و صنعتکاروں کو متعلقہ اداروں سے جوڑنے میں نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔
دریں اثنا، ملک بھر بالخصوص وفاقی دارالحکومت کی کاروباری برادری کے رہنماؤں نے صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود اور ان کی پوری ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی کا ایف ایم ریڈیو کاروباری برادری کی مؤثر آواز بنے گا، نجی شعبے کے مسائل کو اجاگر کرے گا اور پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
