ہومپاکستانپنجاب حکومت کی ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلیے اپوزیشن کو نئی پیشکش

پنجاب حکومت کی ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلیے اپوزیشن کو نئی پیشکش

پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل ڈیڈ لاک ختم کرانے کیلیے حکومت نے اپوزیشن کو ایک اور نئی پیشکش کردی ہے۔
حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک کے باعث پنجاب اسمبلی کا اعلان کردہ بجٹ اجلاس کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی شروع نہیں ہوسکا ہے اور حکومت نے یہ ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے اپوزیشن کو ایک اور تجویز پیش کردی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے پیشکش کی ہے کہ مذاکرات کے لیے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے چار چار رکنی کمیٹی بنادی جائے اور اس سلسلے میں حکومت نے اپنی چار رکنی کمیٹی کے ناموں کا اعلان بھی کردیا ہے جس میں ملک احمد، رانا مشہود، ملک ندیم اور خلیل طاہر سندھو شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن کے مقدمات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب طلب کیے جانے کے بعد پنجاب اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اس حوالے سے اپوزیشن کی کمیٹی کےنام مانگ لیے ہیں یہ کمیٹی اب تک درج مقدمات کا جائزہ لے گی اور اس کمیٹی کی جو بھی سفارشات ہوں گی اس کو پنجاب حکومت تسلیم کرے گی۔
اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حکومتی ٹیم نے آئی جی کے ایوان میں آکر معافی مانگنے کے اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ بغیر تحقیق کے آئی جی سمیت کوئی بھی افسر معافی نہیں مانگے گا اور اگر ڈیڈ لاک برقرار رہنے کے باعث اجلاس نہ ہوا تو حکومتی ارکان وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی قیادت میں ایوان جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔