وزیر خارجہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی بھارت میں اسلاموفوبیا کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا سیکرٹری جنرل او آئی سی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، بھارت میں مسلم مخالف کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں کے تحفظ کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی بھارت میں اسلاموفوبیا کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لے، بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے وضاحت کی کوشش، اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی ’انضباطی‘ کارروائی، مسلم دنیا کے درد اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے تضحیک آمیز کلمات کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی بھی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں پر بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کا تازہ ترین مظہرہے ۔
