کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی انتظامیہ اسلام آباد شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے تاکہ شہریوں کو پانی کی کمی کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے
۔اس سلسلے میں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے اسلام آباد کے سیکٹر I-8 اور H-8 میں پانی کی کمی پر قابو پانے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں چونکہ گرم اور خشک موسم کے باعث جہاں پانی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے وہیں ٹینکرز کی مانگ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور گرم موسم کے باعث ٹیوب ویلز سے پانی کا اخراج بھی پچاس فیصد تک کم ہو گیا ہے
۔ اسی طرح شہر میں پانی کی کمی کی دوسری وجہ جاری ترقیاتی کاموں اور ان میں آنے والی لائنز کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا بھی پانی کی کمی میں اضافے کا باعث بنا۔اس ضمن میں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ واٹر سپلائی نے رواں برس پونا فقیراں میں موجود پانی کی تنصیبات میں مزید 10 نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب مکمل کرکے اس کمی کو پورا کرلیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر I-8/3 اور I-8/4 میں پانی کی کمی پر قابو پانے کیلئے پونا فقیراں سے اضافی پانی بھی مزکورہ سیکٹرز میں سپلائی کیا جارہا ہے۔ اور نئی پائپ لائنز بچھانے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔مزیدبرآں موسم گرما میں پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹر سپلائی ونگ کی جانب سے پانی کی تنصیبات پر جنریٹرز کا استعمال بھی کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی جارہی ہے۔علاوہ ازیں سیکٹر آئی ٹین اور آئی ایٹ میں پانی کی سپلائی شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کے لئے واٹر سپلائی ونگ کی جانب سے جنریٹرز کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اسی طرح راول ٹان کے علاقے میں موجود ٹیوب ویلز کو بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث جنریٹرز پر منتقل کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر باقی ماندہ پانی کی تنصیبات پر جنریٹرز کا بندوبست کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔ مزیدبرآں شہریوں کی سہولیات کے پیش نظر سی ڈی اے کے شعبہ واٹر سپلائی نے ہیلپ لائن اور واٹس ایپ نمبر 7775444-0335 کے ساتھ ساتھ کمپلینٹ سینٹر کے نمبرز بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں شعبہ واٹر سپلائی نے شہریوں سے مزید اپیل کی ہے کہ اگر کوئی بھی فرد پانی ضائع کرتا ہے تو فورا واٹر منیجمنٹ ونگ کی ہیلپ لائن نمبر یا واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کریں۔
