کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی کراچی سے پرواز پی کے 743 سے 291 عازمین حج مدینہ منورہ روانہ ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے پریسشن انجینرنگ کمپلیکس کے ڈائریکٹر ایئر وائس مارشل عرفان ظہیر نے عازمین کو رخصت کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ عازمین حج کو پی آئی اے کی جانب سے چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں۔عازمیں حج سے پاکستان کی سلامتی اور پی آئی اے کی ترقی کے لئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔ترجمان کے مطابق وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
!حج آپریشن تین جولائی سے اختتام پزیر
سی ای او پی آئی اے، عامر حیات حج آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ ائر پورٹ پر عازمین حج کی معاونت کے لئے خصوصی ٹیم مصروف رہی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے 5 بڑے شہروں سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچا رہی ہے۔ پی آئی اے اب تک 2 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا چکی ہے۔ قبل از حج آپریشن تین جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔کراچی سے پی آئی اے کی پہلی قبل از حج پرواز کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور زکوٰۃ و عشر فیاض علی بٹ، پی آئی اے اسٹیشن مینیجر احمد عالم و دیگر بھی موجود تھے۔
