اسلام آباد (سب نیوز)وزارتِ توانائی نے پاکستان کے نوجوانوں، محققین اور اسٹارٹ اپس کے لیے ملک کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
13 اگست 2026 کو شروع کیے گئے اس قومی پروگرام کا مقصد پاکستان کے پاور سیکٹر میں نئی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینا اور ملک کو درپیش توانائی کے چیلنجز کے عملی حل تلاش کرنا ہے۔پاور ڈویژن کے مطابق پروگرام کے لیے انوویشن حب ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جس کے ذریعے نوجوانوں، محققین، جامعات، اسٹارٹ اپس، صنعت اور شعبے کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا۔
پروگرام کے تحت آئندہ تین برسوں کے دوران ایک ارب روپے سے زائد کی رقم کامیاب منصوبوں کے لیے مختص کی گئی ہے، جبکہ منتخب ہونے والے ہر کامیاب نوجوان کو 5 لاکھ روپے تک معاوضہ بھی دیا جائے گا۔وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر کو صرف مزید محنت کی نہیں بلکہ مزید تخلیقی سوچ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ ایک مستقل قومی ادارہ جاتی نظام ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کی سرپرستی کی جائے گی، انہیں رہنمائی اور عملی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ بہترین تحقیقی آئیڈیاز کو قابلِ عمل منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
اویس لغاری کے مطابق انوویشن حب کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے خواہشمند طلبہ، محققین، اسٹارٹ اپس اور نوجوان پیشہ ور افراد اپنے نئے اور تخلیقی خیالات جمع کرا سکیں گے۔پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے ملک کے توانائی کے شعبے میں مقامی سطح پر جدید حل تیار کرنے، تحقیق کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
پاور ڈویژن کا نوجوانوں کیلئے ایک ارب روپے سے زائد کا نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام شروع کرنے کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
