چیئرمین قومی رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی ڈاکٹر انیس احمد مستعفی ہوگئے، انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوادیا۔
تحریک انصاف کی حکومت نے رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس پیش کیا تھا جس میں دو مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے، اتھارٹی آرڈیننس کی مدت 10 جون کو ختم ہورہی ہے، آرڈیننس 4 ماہ گزرنے کے باوجود ایکٹ نہ بن سکا۔
عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد چیئرمین رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی ڈاکٹر محمد انیس نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا، انہوں نے استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوادیا ہے، اتھارٹی کی مدت کے خاتمے کے بعد دیگر تمام ممبران بھی فارغ ہوجائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اتھارٹی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ترمیمی بل لانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
