پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میڈیا نے ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کے جھوٹ کو بے نقاب کیا، وڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کیسے چیخ چیخ کر گیلری سے لوگوں کو بلا رہے تھے، تشدد پر اکسا رہے تھے، ہاتھ کے اشاروں سے لوگوں کو تشدد پر شاباشی دے رہے تھے۔
لاہور میں پی ٹی آئی کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں گزشتہ 4 سالوں کے دوران پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، صوبے میں کرپشن کی گئی۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی بد ترین طرز حکمرانی کے باعث علیم خان نے بھی پی ٹی آئی سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، وہ سمھجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے نئے پاکستان کے خواب دکھا کر ان کے ساتھ بھی دھوکہ کیا۔
