اسلام آباد،چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں نیلوفر بختیار نے میانوالی میں والد کے ہاتھوں قتل ہونے والی 7 دن کی بچی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں، میانوالی شہر میں ایک باپ نے اپنی 7 دن کی نومولود بچی کو اس لیے بے دردی سے گولی مار کر قتل کر دیا کہ وہ لڑکا چاہتا تھا۔
چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں محترمہ نیلوفر بختیار نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور لواحقین سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر محترمہ نیلوفر بختیار نے کہا:”میں صدمے میں ہوں کہ ایسے لوگ اب بھی ہمارے درمیان موجود ہیں۔ نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں(NCSW) اس درندہ صفت آدمی کی گرفتاری کے لیے ہر حد تک جائے گا۔ ہم ڈی پی او میانوالی سے رابطے میں ہیں اور والد کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔” نیلوفر نے مزید اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے ملک میں انسانی حقوق، خاص طور پر خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے اور معاشرے سے اس برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہمارے قانونی اداروں کے فعال ردعمل کی ضرورت ہے۔
سانحہ میانوالی،صدمے میں ہوں کہ ایسے لوگ اب بھی ہمارے درمیان موجود ہیں،نیلو فربختیار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
