Monday, June 1, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومکالم وبلاگزبلاگز‏آپ اور میں ۔۔۔۔۔۔ حصہ اول

‏آپ اور میں ۔۔۔۔۔۔ حصہ اول

تحریر: صابرحسین
@SabirHussain43
تمہارا خیال تمہارے لیے ہے اور میرا تخیل میرے لیے
تمہارا خیال ایک سخت جان درخت ہے۔ جس کی جڑیں تقلید کی گیلی مٹی میں پھنس کر رہ گئی ہیں اور شاخیں استمرار کی قوت سے پھیلتی ہیں۔ اور میرا تخیل فضا میں تیرتے ہوئے بادل کا ایک ٹکڑا ہے جو بوند بوند ٹپکتا ہے پھر ندی بن کر سمندر تک پہنچتا ہے اور پھر چھوٹی چھوٹی بدلیاں بَن کر بلندیوں تک جا پہنچتا ہے۔
تمہارا خیال ایک متین اور مضبوط بُرج ہے جسے نہ کوئی طرف اپنی جانب جھکا سکتی ہے اوور نہ اسے آندھیاں ہلا سکتی ہیںَ اور میرا تخیل وہ نرم و نازک شاخ ہے جو ہر طرف جھکتی اور لہراتی ہے اور اس لہرانے سے تازگی اور مسرت حاصل ہوتی ہے۔
تمہارا خیال ایک ایسا قدیم مذہب ہے جو نہ تمہیں کچھ اور بنا سکتا ہے اور نہ خود بدلتا ہے میرا تخیل ایک نئی اور انوکھی چیز ہے جو مجھے صبح و شام الٹتی پلٹتی رہتی ہے اور میں اسے الٹتا پلٹتا ہوں
تمہارا خیال تمہارے لیے ہے اور میرا تخیل میرے لیے
تمہارے خیال میں صرف یہی کچھ ہے کہ تم میں سے ہر طاقتور ہر کمزور کو جھنجوڑے اور تمہارا شاطر اور چالاک شخص سادہ لوح انسان پر فریب کے ڈورے ڈالتا رہے میرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ کدال سے زمین کو کھودوں اور اسے اپنے خون سے سینچ کر پھل حاصل کروں اور پتھر اور گارے سے ایک مکان تعمیر کروں اور روئی یا اُون سے ایک لباس بنالوں
تمہارا خیال تمہیں کہتا ہے کہ عالی مرتبہ اور امیروکبیر خاندانوں سے رشتے جوڑے جائیں میرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ میں اپنے آپ پر بھروسہ کروں
تمہارا خیال تمہیں کہتا ہے کہ سنانے کے لیے انوکھی اور دلفریب داستانیں ہوں اور شہرت کے پیچھے دوڑ دھوپ کی جائے میرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ داستانوں اور شہرت کو ایسے سمجھوں جیسے ابدی ساحل پر ریت کے دودانے ہو
تمہارا خیال تمہیں کہتا ہے کہ سربلندی اور نفع اندوزی کے لیے جہاد کرو میرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ سلامتی کی رغبت اور صرف آزادی کا شوق رکھو
تمہارا خیال تمہیں کہتا ہے۔ کہ تم حسین محلوں کے خواب دیکھا کرو۔ جن کا سازوسامان فن کاری کا بہترین نمونہ ہو۔ اور ان کے پردے الف لیلوی تاروں سے بُنے گئے ہوں میرا تخیل مجھے یہ کہتا ہے کہ میری رُوح اور میرا جسم اتنا پاکیزہ ہونا چاھیے کہ مجھے یہ بھی پرواہ نہ رہے کہ میں اپنا سر کہا ٹیکوں
تمہارا خیال تمہٰں کہتا ہے کہ کوشیش کرو کہ تمہیں عہدے ملیں اور القابوں سے نوازے جاؤمیرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ میں صرف ایک نفع رساں خادم بن جاؤں
تمہارا خیال تمہارے لیے ہے اور میرا تخیل میرے لیے تمہارا خیال تمہیں کہتا ہے کہ تم فنی اور سیاسی گورکھ دھندے بن جاؤ میرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ میرے کھلے کھلے اصول ہوں
تمہاراخیال تمہیں کہتا ہے کہ وہ حسین عورت ہے۔ وہ بدشکل ہے۔ وہ بڑی فہیم ہے وہ قابل ہے وہ نالائق ہے اور وہ بیوقوف ہے میرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ ہرعورت ہر مرد کی ماں ہے ہر عورت ہر مرد کی بہن ہے اور ہر عورت ہر مرد کی بیٹی ہے۔
تمہارا خیال تمہیں کہتا ہے وہ چور۔ گنہگار۔ بداعمال۔ خونی اور نافرمان ہے میرا تخیل مجھے کہتا ہے کہ چور ذخیرہ اندوز نے بنایا۔ مجرم کو ظالم نے پیدا کیا ہے۔ قاتل مقتول کا حلیف ہے۔ بداعمال نیک کردار کا پھل ہے اور نافرمان فرمابرداری کا نتیجہ ہے۔
تمہارا خیال تمہیں کہتا ہے کہ تم شریعت کے خلاف علم بغاوت بلند کرو لیکن میرا تخیل کہتا ہے کہ اگر ایک شریعت خود ساختہ ہو تو ہمارا ہر شخص اس کی مخالفت کرے گا۔ یا اس کے سامنے گردن جھکادے گا۔ پر جب ایک بنیادی قانون ہو۔ تو ہمارا ہر شخص اس کا چلانے والا ہے۔ گرنے والوں میں سے جب کوئی اُف کرے گا۔ وہ انہی میں سے ہوگا۔ اور جو اپنا دامن جھاڑے گا تاکہ وہ اپنے آپ کو اُونچا سمجھنے والوں سے چُھو نہ جاے۔ اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پر وہ شخص جو پھسلنے سے بچ جائے اور پستی سے سر بلند ہو لینے کو اپنے لیے باعثِ فخر سمجھے وہ ساری کی ساری انسانیت کی بلندی پر فخر کرتا ہے اور جو شخص اپنے بچا رہنے پر ناز کرتا ہے وہ زندگی سے اپنے آپ کو بچالینے پر ناز کرتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔