ہومتازہ ترینپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ، ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے آگاہ کیا گیا

پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ، ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے آگاہ کیا گیا

اسلام آباد (سب نیوز) وزارت خارجہ میں غیر ملکی سفارتی مشنز کے سربراہان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
24 نومبر کو منعقدہ اس بریفنگ کا اہتمام وزارت خارجہ نے ایس آئی ایف سی کے اشتراک سے کیا، جس میں سیکریٹری خارجہ، ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر، ڈائریکٹر جنرل، سیکریٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے سیکریٹری ڈاکٹر جہانزیب خان نے شرکا کو پاکستان کے معاشی اور سرمایہ کاری کے ماحول، مراعات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں کان کنی و معدنیات، زراعت و لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات، صحت، بنیادی ڈھانچے، سیاحت، خصوصی اقتصادی زونز اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں کے حوالے سے سرمایہ کاری کی تجاویز اور منصوبوں پر مشتمل دستاویزات بھی شرکا کے ساتھ شیئر کی گئیں، جبکہ سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔اختتامی کلمات میں سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کاروبار کے لیے کھلا ہے اور دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ، ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ ادارے سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔