لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو وائرل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے عظمی بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار عظمی بخاری کے وکیل سید علی زاہد بخاری نے موقف اختیار کیا کہ فیک ویڈیو وائرل کرنے کا کیس ٹرائل کورٹ میں زیرِ التوا ہے۔
درخواست گزار اہم صوبائی عہدے پر فائز ہونے کے باعث سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹرائل کورٹ میں بیان پر جرح کے لیے پیش ہونا ممکن نہیں، وکیل نے استدعا کی کہ لہٰذا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت دی جائے۔
دورانِ سماعت عدالت نے فلک جاوید اور عتیق ریاض کی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کر لی، جبکہ وزیر اطلاعات کے وکیل کو دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے لیے مہلت دے دی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی۔
