اسلام آباد (سب نیوز) — نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پرتگال کے وزیر مملکت و امور خارجہ پاؤلو رینجل کے درمیان وزارت خارجہ میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 77 سال مکمل ہونے پر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط بڑھانے، پارلیمانی تبادلوں اور موجودہ دوطرفہ مشاورتی نظام کے تحت باقاعدہ مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور اقوام متحدہ سمیت یورپی یونین کے فریم ورک میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
