ہومکالم وبلاگزبزمِ عرفان میں چاہ یوسف کی صدا

بزمِ عرفان میں چاہ یوسف کی صدا

تحریر: سفیان چیمہ ایڈووکیٹ

قومی منظر نامے پرچھائی سیاسی گھٹائوں میں اختلافی بیانات کی بجلیاں گرج چمک رہی ہیں، اقتدار کا زوال تیز ہونے کی پیش گوئیوں میں، نظام کی تبدیلی کے حامی اور مخالف ایک دوسرے پر دلائل کی گولہ باری کررہے ہیں، ناظرین کی تعداد بڑھا کر انہیں ڈالروں میں بدلنے کے ہنر میں طاق وی لاگرز، یوٹیوبرز اور تجزیہ نگار وں نے قیاس آرائیوں کے طوفانوں سے ایسا سماں باندھ دیا ہے کہ تبدیلی کی رِم جھم اَب برسی کہ اَب برسی۔ بے یقینیوں کے ایسے موسم میں چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے بچھڑے ہوئوں کو یاد کرنے کی ست رنگی رُت کی ایک نئی لائق تحسین رِیت ڈالی۔   

10 نومبر کو ممتاز دانشور، منفرد اسلوب کے کالم نگار، شاعر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں سابق پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی مرحوم کو بچھڑے ایک سال ہوگیا ۔ 'صاحب علم وعرفان __ سینیٹر عرفان صدیقی کی پہلی برسی پر تعزیتی ریفرنس' چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میںسینیٹ بینکوئیٹ ہال میں منعقد ہوا۔ میرے لئے خوش گوار حیرت یہ تھی کہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر بننے والے عرفان صدیقی کے تعزیتی ریفرنس کی صدارت پی پی پی کے سینئر راہنما، سابق وزیراعظم اور چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے کی اور خصوصی کشادہ دلی اور اعلی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس تقریب کے لئے وقت دیا۔  

 عرفان صدیقی حیات تھے تو چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی انہیں پینل آف چئیرمین میں شامل کرکے، ایوان بالا کے اجلاس کی صدارت کرایا کرتے تھے۔ وہ اُن کے تدبر ،  سیاسی دانشمندی اور ٹھنڈے مزاج کو پسند کرتے تھے جس کی ایوان کو ٹھنڈا رکھنے اور کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ اس تعزیتی ریفرنس میں انہوں نے عرفان صدیقی مرحوم کی اس خوبی کا برملا اعتراف بھی کیا اور کہا کہ ٹھنڈے مزاج کی اس وقت اشد ضرورت ہے۔  انہوں نے مرحوم کو 10 بہترین پارلیمینٹیرینز میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی اپنے نظریے پر جم کر کھڑے ہوتے لیکن گفتگو میں شائستگی اور خوش اخلاقی برقرار رکھتے تھے۔ آج اپنے دوست عرفان صدیقی کو یاد کرنے اس تعزیتی ریفرنس میں آیا ہوں۔

'چاہ یوسف سے صدا' کے عنوان سے آپ بیتی لکھنے والے سید یوسف رضا گیلانی نے عرفان صدیقی کو شاید اس لئے یاد رکھا کیونکہ وہ خود اسیری کے ایام بھگت چکے ہیں۔ اس عنوان میں تلمیح ہے حضرت یوسف کے واقعے کی جب اُن کے بھائیوں نے انہیں ایک اندھے کنویں میں پھینک دیا تھا اور انہیں بھول گئے تھے۔ الطاف حسین حالی نے اس تاریخی واقعے کو شعر کی زبان دی کہ 
آ   رہی  ہے  چاہِ یوسف  سے  صدا
دوست یاں تھوڑے ہیں اور بھائی بہت

پاکستان مسلم لیگ (ضیا) کے صدر اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے عرفان صدیقی سے جڑی اپنی یادیں سنائیں اور ایک اُستاد کی صحافت اور پھر سیاست میں آمد کے مراحل پر کئی دلچسپ واقعات سنائے۔ سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے عرفان صدیقی سے اپنے تعلق کو ایک مرید اور پیر ، والد اور بیٹے ، استاد اور شاگرد کی صورت بیان کرتے ہوئے اُن کی شخصیت میں موجود بے پناہ محبت کی خوبی کا ذکر کیا۔     

سینیٹر شہادت اعوان نے یہ انکشاف کیا کہ وہ بھی مرحوم کے شاگردوں میں شامل ہیں ۔ انہوں نے عرفان صدیقی کو استاد محترم کہہ کر پکارا اور بتایا کہ اُن کا ہر شاگرد یہ ہی کہے گا کہ وہ اُن کے بہت قریب تھا۔ یہی اُن کی خوبی تھی کہ اُن سے وابستہ ہر فرد خود کو اُن کے بہت قریب سمجھتاتھا اور اُس کی وجہ اُن کی بے پناہ شفقت اور محبت تھی۔  سینئیر صحافی حافظ طاہر خلیل نے عرفان صدیقی کو تدریس، صحافت اور سیاست میں یکساں کامیاب قرار دیتے ہوئے اُن کی خوبیوں کے واقعات سنائے۔ اسی طرح ڈاکٹر فاروق عادل نے بتایا کہ عرفان صدیقی علمی مرتبے میں اُن سے بڑے تھے لیکن ہمیشہ کہتے کہ صحافت میں فاروق عادل میرا سینئر ہے۔ یہ اُن کے مزاج کا بڑا پن تھا۔

	عرفان صدیقی کے دیرینہ دوست پروفیسر ساجد حسین ملک ، پروفیسر فتح محمد ملک کے انقلابی سوچ اور طبعیت رکھنے والے فرزند پروفیسر ڈاکٹر طاہر ملک، حاجی نوازرضا، میاں منیر ، فلم میکر عائشہ اکرم ، وزیراعظم کے تقریر نویس ارشد ملک کے علاوہ عرفان صدیقی کے صاحبزادوں عمران خاور صدیقی، ڈاکٹر نعمان صدیقی، بھائی ڈاکٹر طاہر صدیقی، پوتوں، پوتیوں، نواسوں اور نواسیوں سمیت صحافیوں اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے ریفرنس میں شرکت کی۔ممتاز مذہبی سکالر حافظ نسیم خلیل نے تلاوت کی جبکہ آغا نظام خلجی نے خوبصورت نعت پیش کی۔ نامور شاعر رحمن فارس نے نظامت کے فرائض نبھائے جبکہ عرفان صدیقی کے شاگرد پیر آغا جی سرکار نے اجتماعی دعا کرائی۔  


وزیراعلی پنجاب کے مشیر عمران خاور صدیقی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ذاتی زندگی میں نہایت شفیق والد تھے۔ شگفتہ مزاج تھے۔ کبھی برہم نہ ہوتے۔ نظم وضبط مثالی تھا۔ ہر وقت لکھتے لکھاتے رہتے ۔ انہوں نے چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا خاص طورپر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے رحمن فارس، نامور خطاط واصل شاہد اور ارشدملک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریب منعقد کرنے میں مدد کی۔ 
ممتاز شاعر رحمن فارس نے عرفان صدیقی کو کچھ یوں خراج عقیدت پیش کیا  

کوئی  اَب  ویسا  ہُنروَر  اور  توفیقی  نہیں 
اہلِ  دانش  ہیں  مگر  عرفان صدیقی نہیں 

نثر  کی  ہر  سطر میں  کوئی  انوکھی ہے ادا 
کونسی  تحریر  ہے  اُن  کی جو  تخلیقی نہیں 

کیوں نہ لوگ  اُس خوش سُخن  کا سُر سُنیں اور سَر دُھنیں ؟ 
یہ   تغزل   علم   کا   ہے  ،   عام   موسیقی  نہیں 

جو   لکھا   وہ   عالمی  معیار  کا  شہکار ہے 
ایشیائی،   یورپی،   امریکی،  افریقی  نہیں 

صاحبانِ علم و عرفاں  اُن کے  بارے جو کہیں 
سب بیاں اصلی ہیں فارس، صرف تصدیقی نہیں 

؟ 

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔