ہومپاکستانپاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز) — نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پرتگال کے وزیر مملکت و امور خارجہ پاؤلو رانجل کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں پاکستان اور پرتگال کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات وزارت خارجہ اسلام آباد میں منعقد ہوئے، جہاں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف امکانات پر غور کیا۔

ملاقات میں زراعت، بالخصوص زیتون کی کاشت اور پروسیسنگ، قابل تجدید توانائی اور سمندری رابطوں کے شعبوں میں تعاون کے امکانات زیر بحث آئے۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے ہنرمند کارکنوں کے لیے قانونی نقل مکانی کے راستے فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں پارلیمانی سفارت کاری کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔

مذاکرات کے دوران اقوام متحدہ میں تعاون، پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات، بالخصوص جی ایس پی پلس (GSP+) کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔