اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک میں متبادل ادویات کی تیاری، رجسٹریشن اور فروخت کو قانونی ضوابط کے تحت لانے کے لیے باضابطہ قوانین اور کوالٹی کنٹرول پیرامیٹرز تیار کر لیے ہیں، اس سلسلے میں ڈریپ کی جانب سے باضابطہ میمورنڈم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
میمورنڈم کے مطابق وٹامنز، ملٹی وٹامنز اور فوڈ سپلیمنٹس کے شعبے کو بھی ریگولیٹری نظام میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ ان مصنوعات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد متبادل ادویات اور متعلقہ مصنوعات کی تیاری اور فروخت کو باقاعدہ قانونی دائرہ کار میں لانا ہے۔
ڈریپ کے جاری کردہ میمورنڈم میں متبادل ادویات کے مینوفیکچرنگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے 6 ماہ کی مہلت مقرر کی گئی ہے، جبکہ ان ادویات کی رجسٹریشن کے لیے 18 ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ ہومیوپیتھک سمیت تمام روایتی ادویات کی تیاری اور فروخت کرنے والے اداروں کو مقررہ قوانین اور ضوابط پر عملدرآمد کا پابند قرار دیا گیا ہے۔
میمورنڈم کے مطابق پاکستان میں اس وقت تقریباً 600 مینوفیکچرنگ یونٹس متبادل ادویات تیار کر رہے ہیں، جبکہ ملک میں ایک ہزار امپورٹرز متبادل ادویات درآمد کرنے کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
ڈریپ کے اس اقدام کے تحت متبادل ادویات، وٹامنز، ملٹی وٹامنز اور فوڈ سپلیمنٹس کی تیاری، درآمد، رجسٹریشن اور فروخت کے لیے باقاعدہ ریگولیٹری نظام کے تحت کام کرنا لازم ہوگا۔
