لاہور (سب نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر اور یقینی کارروائی کے لیے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کا حکم دے دیا گیا جبکہ مقدمات کی فوری سماعت کے لیے اسپیڈی کورٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں سزا کی شرح پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مقررہ مدت میں فیصلے کرنے، آڈیو ویڈیو شہادتوں کی موثر ریکارڈنگ اور تفتیش و پراسیکیوشن میں بہتری کے لیے اے آئی کی معاونت لینے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس اسٹیشن پر خواتین سے متعلق 1.24 ملین اور ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن پر تقریبا سوا لاکھ شکایات درج ہوئیں جن میں سے92 فیصد پر کارروائی مکمل کر لی گئی۔
ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی کے ذریعے 70 ہزار گمشدہ بچے برآمد کیے گئے،4 ہزار اسپیشل بچوں کو گھروں تک پہنچایا گیا جبکہ بچوں سے زیادتی کے 7ہزار 588 کیسز حل کر لیے گئے جن میں 71 فیصد واقعات میں قریبی لوگ ملوث پائے گئے۔وزیراعلی مریم نواز نے سرگودھا میں جرائم پیشہ گینگ کے خاتمے پر پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے موثر قانون سازی اور سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ضروری ہے۔
بچوں اور خواتین کیخلاف مقدمات کی فوری سماعت کیلئے اسپیڈی کورٹ قائم کرنے کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
