لندن (سب نیوز)سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے اپنے والد کے اعلی عدلیہ کو لکھے گئے خط پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد کو جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے وہ بالآخر ان کی جان لے لے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں قاسم خان نے عمران خان کا خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے والد کا خط پڑھ کر دل دہل گیا ہے۔ انہیں جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے وہ بالآخر ان کی جان لے لے گی۔اپنے ردِعمل میں خدشے کا اظہار کرتے ہوئے قاسم خان نے لکھا کہ ہم پاکستان کے جمہوری طور پر منتخب لیڈر کا قتل ہوتے دیکھ رہے ہیں۔
قاسم خان کا یہ ردِعمل سابق وزیرِاعظم عمران خان کے اس خط کے بعد سامنے آ رہا ہے جو انہوں نے چیف جسٹس پاکستان، وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے نام لکھا ہے۔عمران خان کا یہ خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے ایکس پر شیئر کیا گیا ہے۔عمران خان نے خط میں طبی علاج کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں تین گھنٹے کی ملاقات کے دوران وکلا کو خط لکھوانے کی ہدایات دی تھیں۔وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے عدلیہ کو بھیجے گئے خط کے متن کے مطابق عمران خان کے علاج اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا جب کہ جیل میں تنہائی اور پابندیوں کا مقصد عمران خان کو ذہنی اور جسمانی طور پر توڑنا ہے۔
والد کو جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے، جان جانے کا خدشہ ہے، عمران خان کے خط پر بیٹے قاسم کا ردِعمل
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
