ملتان (سب نیوز)صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پرموقف بہت واضح ہے، نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب میں نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں، نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے بغیر لوگوں کی دادرسی نہیں ہوسکتی، جب تک نئے صوبے نہیں بنتے عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا۔وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، بادشاہت صرف اللہ کی ہے، بندے کی کوئی بادشاہت نہیں، نئے صوبوں سے کسی کی حکمرانی کو سکڑنے کا خدشہ نہیں ہوناچاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے لئے ووٹ دیتے ہیں تو یہ خوش آئند ہوگا، کہا نئے صوبوں پر ریفرنڈم ضرور ہونا چاہیے۔صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں این ایچ اے پوری طرح سرگرم عمل، مختلف شاہراہوں پر کام جاری ہے، لودھراں ملتان ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش جاری ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے مظفر گڑھ ،میانوالی سڑک کی تعمیر بھی کر رہے ہیں۔ لیہ تونسہ پل کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔
نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں، صدر استحکام پارٹی عبدالعلیم خان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
